ایشین جونیئر اسکول باکسنگ چیمپئن شپ: پاکستان کی عائشہ ممتازسیمی فائنل میں پہنچ گئی

0
70

ابوظہبی (این این آئی)پاکستان کی عائشہ ممتاز نے ابوظہبی میں جاری ایشین جونیئر اینڈ اسکول باکسنگ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناکر میڈل یقینی بنالیا ہے۔سرگودھا سے تعلق رکھنے والی اسکول کی طالبہ 15 سالہ عائشہ ممتاز ایونٹ میں 46 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں شریک تھیں۔عائشہ ممتاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے اپنی شاندار تکنیکی مہارت اور حکمت عملی کا ثبوت دیتے ہوئے ویتنام کی تھی ہونگ ین نگوئن کو شکست دی۔ اس فتح نے ان کیلئے کانسی کا تمغہ یقینی کر دیا ہے۔اس کے ساتھ عائشہ ممتاز ایشین سطح پر باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی دوسری خاتون باکسر بن گئی ہیں۔عائشہ ممتاز اس ایونٹ میں پاکستان کی واحد باکسر تھیں، اپنی باؤٹ میں انہوں نے غیر معمولی تکنیکی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بائیں ہاتھ کے ہکس اور بہترین حملے نگوئن کے خلاف فیصلہ کن ثابت ہوئے، جس نے ان کی سیمی فائنلز میں جگہ کو یقینی بنایا اور ایک مضبوط حریف کے طور پر ان کی حیثیت کو مستحکم کیا۔یاد رہے کہ 2022 میں پاکستان کی ہادیہ کمال نے اردن میں ایشین جونیئر چیمپئن شپ کا برانز میڈل حاصل کیا تھا۔