غلافِ کعبہ ہفتے کے دن تبدیل کیا جائے گا، سعودی حکام

0
281

ریاض (این این آئی)سعودی حکام نے کہا ہے مکہ میں المسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا غلاف ہفتے کو تبدیل کیا جائے گا۔سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمومی صدارت برائے انتظامی امور حرمین شریفین نے بتایا کہ ہفتے کو کسو الکعبہ یعنی غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے عمل میں 166 تکنیکی ماہرین اور کاریگروں کی ٹیم حصہ لے گی۔پرانے غلافِ کعبہ کی نئے غلاف سے تبدیلی المسجد الحرام اور مسجد نبویۖ کے امور کے صدر جنرل شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز آلِ سعود کی نگرانی میں عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ سیاہ رنگ کے اس غلافِ کعبہ پر قرآنی آیات تحریر ہوتی ہیں جسے ہر سال اسلامی سال کے مہینے ذی الحج کی نو تاریخ کو تبدیل کیا جاتا ہے البتہ رواں سال سعودی حکام نے اس کی تبدیلی یکم محرم الحرام یعنی نئے اسلامی سال 1444ھ کے آغاز پر کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس سلسلے میں نیا غلافِ کعبہ عید الاضحی کے روز کعبے کے کلید بردار کے حوالے کر دیا گیا تھا۔المسجد الحرام کے امور پر مامور انڈر سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سعد بن محمد آل محمد کا کہنا تھا کہ غلافِ کعبہ کے لیے شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں لگ بھگ 200 کاریگر اور منتظم کام کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپلیکس میں لانڈری اور آٹومیٹک ویونگ ڈپارٹمنٹ، مینوئل ویونگ ڈپارٹمنٹ، پرنٹنگ ڈپارٹمنٹ، بیلٹ ڈپارٹمنٹ اور گولڈ تھریڈ ڈپارٹمنٹ، کسوہ سوئنگ اینڈ اسمبلنگ سیکشن شامل ہیں جس میں لمبائی کے حساب سے دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹرائزڈ سلائی مشین بھی شامل ہے اور اس کی لمبائی 16 میٹر ہے۔ڈاکٹر سعد کے مطابق غلافِ کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم کا استعمال کیا جاتا ہے جسے کمپلیکس کے اندر سیاہ رنگ سے رنگا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ 120 کلو گرام سونے اور 100 کلو گرام چاندی کے دھاگے بھی غلافِ کعبہ کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔