خواتین کو بااختیار بنانے کے تحت این ٹی ڈی سی نے اسلام آباد میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کر دیا

0
66

اسلام آباد (این این آئی) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے وزیراعظم پاکستان کے خواتین کو بااختیار بنانے کے پیکیج کے تحت اپنے سیکٹر جی سیون ون، اسلام آباد دفترمیں جدید سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر سنٹر قائم کیا ہے جس کا جنرل منیجر (ایچ آر) انجینئر سہیل ممتاز باجوہ اور جنرل منیجر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) انجینئر شاہد نذیر نے آج افتتاح کیا۔اس سنٹرسے اسلام آباد آفس میں تعینات خواتین افسران اور عملے کوکام کے دوران اپنے بچوں کی دیکھ بھال میں سہولت ملے گی۔

انجینئر سہیل ممتاز باجوہ اور انجینئر شاہد نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنٹر کے قیام کیلئے ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈے کیئر سنٹر کے پلے روم ، نرسری اور کچن کا بھی دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کے معیار کی تعریف کی۔ڈے کیئر سنٹر میں انڈور پلے ایریا، آرام دہ کمرے، متعدد اقسام کے کھلونے ، ایل سی ڈی، فریج اوردیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ڈے کیئر سنٹر کے قیام سے خواتین افسران اور عملے کےلئے کام کے توازن کو بہتر بنانا ممکن ہو سکے گا جس سے وہ اپنی ملازمت پر زیادہ توجہ مرکوز کر سکیں گی اور ادارے کیلئے اپنی خدمات کو بہتر کر سکیں گی۔

واضح رہے کہ لاہور میں شاہین کمپلیکس اور ٹی ایس جی ٹریننگ سینٹر کے بعد یہ این ٹی ڈی سی دفاتر میں قائم ہونے والا تیسرا ڈے کیئر سنٹر ہے۔ اس پروگرام کے تحت مستقبل میں ملتان، حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں میں موجوددفاترمیںبھی ڈے کیئر سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں ہیڈ آفس سطح پر ایک کراس فنکشنل کمیٹی قائم کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب میں این ٹی ڈی سی ڈے کیئر سنٹرز کیلئے فوکل پرسن اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔