موٹرویز اورہائی ویز کے سروس ایریاز میں اشیاء مہنگی ہونے کا نوٹس لیاجائے گا، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

0
64

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ موٹرویز اورہائی ویز کے سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیائ مہنگی ہونے کا نوٹس لیاجائے گا۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں موٹرویز اورہائی ویز کے سروس ایریاز میں اشیاء خوراک مہنگی ہونے کے معاملہ پرآسیہ نازتنولی کے توجہ مبذول نوٹس پروفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے ایوان کوبتایاکہ حقیقت ہے کہ ان ایریاز میں قیمتیں زیادہ ہے، پرائس چیکنگ کااختیار ضلعی اورصوبائی انتظامیہ کا ہے، وزارت نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے چیکنگ بھی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ سروس ایریاز میں قیمتیں اور ان اشیا کا معیار معمول کے مطابق ہوں،اس حوالہ سے تشویش جائز ہے اوراس معاملہ پرمزیداقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان ایریاز میں دکانوں پرایکسپائر چیزوں کی فروخت کوروکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ چیکنگ کے اختیار مقامی مجسٹریٹ کے پاس ہوتے ہیں، اگران ایریازمیں معیارکے مطابق اشیا نہ ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی، قیمتوں کومعمول پرلانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان ایریازمیں اب برانڈز نے بھی آوٹ لیٹس کھولے ہیں۔ابراراحمد کے سوال پرانہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے علاوہ وزارت بھی چیکنگ کے حوالہ سے ایک طریقہ کاروضع کرے گی۔انہوں نے کہاکہ جی ٹی روڈ کی حالت زارمیں بہتری پربھی توجہ دی جارہی ہے۔