وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں ملاقاتیں، پاکستانی معیشت کی بحالی اور اصلاحات ، مالیاتی خسارے میں کمی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات ضرورت پر زور

0
55

واشنگٹن (این این آئی)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور اصلاحات کے لئے معاشی استحکام کے حصول، مالیاتی خسارے میں کمی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں Gـ24 وزراء اور گورنرز کے اجلاس میں شرکت کے دوران ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز پر توجہ دلائی۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس محصولات میں اضافے، ٹیکس نظام کو مزید منصفانہ اور مؤثر بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، اور سرکاری اداروں کی تشکیل نو پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف عالمی مالیاتی اداروں اور ممالک کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافے، اور بچوں کی نشوونما جیسے اہم مسائل کے حل کے لیے تمام ترقیاتی شراکت داروں کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی حمایت حاصل کرنا اور ملک کو معاشی چیلنجز سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے اس موقع پر Gـ24 بیورو کے دوسرے نائب صدر کے طور پر مالی سال 25۔ 2024 کے دوران خدمات انجام دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے سٹی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان میں ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں (SOEs)، پنشن، اور حکومتی سائز کو درست کرنے کے لیے جاری اصلاحات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ”روڈ ٹو مارکیٹ” کی طویل مدتی حکمت عملی کا بھی خاکہ پیش کیا، جس میں بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی کے امکانات کا جائزہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد اقتصادی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کی مالی صورتحال کو مستحکم کرنا اور ترقی کی راہیں ہموار کرنا ہے۔وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں اہم اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں اسلام آباد ہوائی اڈے کے لیے بولیوں، متنوع ادائیگی کے حقوق (DPR) کے استعمال، آف شور بانڈ کے ذریعے مقامی کرنسی میں اضافے، اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن (HBFC) کی نجکاری جیسے موضوعات شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان کو مشاورتی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور زرعی کاروبار، صحت کی دیکھ بھال، پانی، نقل و حمل، اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں جدید مالیاتی ماڈلز کے نفاذ کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نیٹ ورک کو جدید بنانے کی حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالی، جس میں آئی ایف سی کی تکنیکی مدد سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا امکان ہے۔پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں آئی ایف سی کی حمایت کو بھی سراہا گیا، جس کی حکومت سال کے آخر تک تکمیل کی توقع رکھتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر، وزیر خزانہ نے مسٹر مختار ڈیوپ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ ملک میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کا قریب سے جائزہ لے سکیں۔وزیر خزانہ نے V20 وزارتی ڈائیلاگ میں “مالیاتی اصلاحات، قرضوں کے حل، اور قابل استطاعت سرمائے کے ذریعے موسمیاتی خوشحالی کا احساس” کے موضوع پر شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے موسمیاتی خوشحالی منصوبے کے قیام کی تیاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ماحول کے لیے قرض کو کام کرنیکے اصول کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں (MDBs) سے مطالبہ کیا کہ وہ گرانٹس اور رعایتی فنانسنگ کے مواقع میں اضافہ کریں تاکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے مالیاتی معاونت فراہم کی جا سکے۔ وزیر خزانہ نے V20 کو ایک سرکاری بین الحکومتی گروپ کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کی جانب سے تسلیم کیے جانے کی حمایت کی۔واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک۔آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ کے دوران، وزیر خزانہ نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان سے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کا عزم کیا۔ ملاقات میں سعودی وزیر نے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب کے تجربات کا تبادلہ کیا، اور دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا