پیراپلیجک سنٹر پشاور میں مفت کلب فٹ علاج پر تربیتی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر

0
77

پشاور(این این آئی) پیراپلیجک سنٹر پشاور نے آزاد کشمیر کیلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس کا مقصد طبی ماہرین کو کلب فٹ سے متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے جدید اور مؤثر مہارت سے لیس کرنا ہے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران شرکا میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں مظفر آباد میں حال ہی میں قائم کردہ کلب فٹ کلینک میں بچوں کے مفت علاج اور شفایابی کا اہم فریضہ سونپا۔ یہ کلینک آزاد جموں و کشمیر میں میراکل فیٹ اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے، تاکہ اس اہم طبی خدمت کو پورے ملک میں پھیلایا جا سکے۔

ورکشاپ میں آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے سینئر فزیو تھراپسٹ اور آرتھوپیڈک سرجنز نے شرکت کی۔ اس میں “پونسیٹی” طریقہ علاج بطور سکھایا گیا، جو کلب فٹ کے علاج کا آزمودہ اور مؤثر طریقہ ہے۔ کلب فٹ پیدائشی عارضہ ہے جو ہر ایک ہزار زندہ پیدائشوں میں سے ایک یا دو بچوں کو شدید متاثر کرتا ہے۔ اس موذی بیماری سے نمٹنے کیلئے ورکشاپ انتہائی اہم قرار دی گئی۔

تربیتی ورکشاپ پاکستان بھر میں کلب فٹ کے علاج تک مفت رسائی یقینی بنانے کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہے۔ مظفر آباد میں قائم ہونے والا کلب فٹ کلینک ہیلپنگ ہینڈ کے بحالی مرکز میں موجود ہے، جہاں سو فیصد مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کلینک کا بنیادی مقصد کلب فٹ کے مریض بچوں کی صحت، نقل و حرکت اور وقار کو بحال کرنا ہے تاکہ ان کی اور اہل خاندان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

ورکشاپ کی قیادت سینئر فزیو تھراپسٹ ڈاکٹر خکلا امتیاز اور آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر فہد جمیل نے کی، جنہوں نے شرکا کو مرض کے مختلف پہلوؤں پر عملی تربیت فراہم کی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ خیبر پختونخوا میں کلب فٹ بچوں کا علاج 2014 میں پیراپلیجک سنٹر پشاور اور آئی سی آر سی کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا، جسے بعد میں میراکل فیٹ یو ایس اے نے سنبھال لیا۔ اب تک اس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں قائم مراکز میں چار ہزار سے زائد بچوں کا بالکل مفت علاج کیا جا چکا ہے۔