وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا سعودی حکام کے ساتھ فالواپ اجلاس،سرمایہ کاری کے امور آگے بڑھانے کا جائزہ لیا گیا

0
23

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی عرب کے اسسٹنٹ منسٹر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک سے وڈیو لنک پر تفصیلی بات چیت کی۔ پیر کو ہونے والی ورچوئل ملاقات میں سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور آگے بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیر الفالح کے مثبت جواب کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں ہونے والے پاک سعودی جوائنٹ وینچرز اور ایم اویوز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی حکام نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری کو 25اور 26 نومبر کوسعودی عرب کے ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خالد بن عبدالعزیز الفالح کے دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، قابل عمل اقدامات سے سرمایہ کاری کے ایجنڈے کو مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں سعودی حکام نے سرمایہ کاری جاری رکھنے پر دلچسپی کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری کیلئے فالواپ اجلاس جاری رکھنے اور عملی نتائج لانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق بھی وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ،وفاقی سیکرٹری کامرس اور سیکرٹری پرائیوٹائزیشن کمیشن بھی ورچوئل اجلاس میں موجود تھے۔