آئندہ 10 سال میں بجلی کی قیمت مزید ناقابل برداشت ہوجائے گی، اویس لغاری

0
37

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو 10 سال تک بجلی کی قیمتیں بڑھتی رہیں گی، آئندہ 10 سال میں بجلی کی قیمت مزید ناقابل برداشت ہوجائے گی۔اسلام آباد میں تھنک ٹینک سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں میں کچھ نہیں کرسکتے تھے، آئی پی پیز مالکان کی مہربانی انہوں نے اپنا منافع قربان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کو مرحلہ وار گیس کم کی جائے گی، کیپٹو پاور پلانٹس سے متعلق آئی ایم ایف شرط کو پورا کیا جائے گا۔وفاقی وزیر بجلی نے کہا کہ سولر نیٹ میٹرنگ کیلئے ریگولیشنز اور پرائسنگ میکانزم تبدیل کرنا پڑے گا، ڈسکوز کی نجکاری کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے باوجود 170 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑرہی ہے، اگر اسی طرح ڈسکوز کی نجکاری کرنی ہے تو کوئی فائدہ نہیں۔اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی طرح ہی نجکاری کرنی ہے تو 500 ارب روپے مزید سبسڈی دینا پڑے گی۔