شرمناک شکست کے زخموں سے چور چور بھارتی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا سے قبل ہی بڑا دھچکا

0
75

نئی دہلی (این این آئی)اپنی ہی سرزمین پر نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے زخموں سے چور چور بھارتی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا سے قبل ہی بڑا دھچکا لگ گیا۔بھارت پانچ میچوں کی بارڈرـگاوسکر ٹرافی 2024ـ25 کے لئے آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ یادگار سیریز کے اس ایڈیشن کا آغاز پرتھ میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا تاہم، کپتان روہت شرما ذاتی وجوہات کی بناء پر سیریز کے افتتاحی مقابلے میں شرکت نہیں کریں گے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق روہت شرما سیریز کے پہلے میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے جس کی وجہ سے وہ پرتھ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ٹیم کی آسٹریلیا روانگی سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے روہت شرما کی عدم موجودگی میں قیادت سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بمراہ نائب کپتان ہیں لہذا ظاہر ہے کہ اگر روہت دستیاب نہیں ہیں تو وہ پرتھ میں قیادت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی تصدیق نہیں ہے لیکن ہم آپ کو بتائیں گے کہ صورتحال کیا ہوگی امید ہے کہ وہ روہت دستیاب ہوں گے۔گزشتہ روز پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا روانگی سے قبل اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گوتم گمبھیر نے بڑا طنز کرتے ہوئے کہا کہ رکی پونٹنگ کا بھارتی کرکٹ سے کیا تعلق ہے؟بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ مجھے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے حوالے سے کوئی فکر نہیں۔ پونٹنگ کو بھی ہمارے کھلاڑیوں کے بجائے اپنی آسٹریلین ٹیم کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی اب بھی کھیل کے لیے پرجوش ہیں۔ رنز اور کامیابی کی بھوک ان میں موجود ہے اور گزشتہ برسوں میں انہوں نے بھارت کے لیے کئی بار غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں براہ راست رسائی کے لیے اس سیریز میں لازمی فتح درکار ہے۔سیریز ڈرا ہونے یا ہارنے کی صورت میں بھارت کو فائنل میں پہنچنے کے لیے دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔