بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے،وزیراعظم

0
14

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے،شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔ انہوںنے کہاکہ بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی،شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی۔ انہوںنے کہاکہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا،زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کی ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور انکی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں،تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس کو معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو ٹیکس چوری اور انکی معاونت کرنے والوں اور انکے خلاف کاروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔