آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی ٹونٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی

0
20

ہوبارٹ(این این آئی) آسٹریلیا نے پاکستان کو با آسانی تیسرے اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی ۔کینگروز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.1ویں اوور زمیں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، ایڈم زمپا اور سپینسر جانسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے ملنے والا 118رنز کا ہدف مارکس سٹوئنس کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت آسٹریلوی ٹیم نے 11ویں اوورز کی دوسری گیند پر 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔مارکس سٹوئنس ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،آسٹریلیا کے ہی سپینسر جانسن کو عمدہ بائولنگ پر میچ آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے محمد رضوان کی جگہ کپتانی کی ذمہ داریاں نبھانے والے سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے زیویر بارٹلیٹ نے بائولنگ اٹیک کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آٹ ہو گئے ،ان کو سپینسر جانسن نے زیویر بارٹلیٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ حسیب اللہ پاکستان کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ عثمان خان تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف 3 رنز بنا سکے ،ان کو ایرون ہارڈی نے نیتھن ایلس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پائے اور 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف ایک رن بنا کر ایرون ہارڈی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آٹ ہوگئے ۔اس موقع پر سابق کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ عرفان خان 10 رنز بناکر رن آٹ ہوگئے، ان کے بعد عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے ، ان کو ایرون ہارڈی نے میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔شاہین شاہ آفریدی آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بنانے کے بعد زیویربارٹلیٹ کی گیند پر جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ٹی ٹونٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں بانڈر پر کیچ آٹ ہو گئے، ان کو 5 کے انفرادی سکور پر نیتھن ایلس نے مارکس سٹوئنس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ پاکستان کے آخری آٹ ہونے والے کھلاڑی صفیان مقیم تھے جو ایک رن بنا سکے اور سپینسرجانسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔حارث رئوف بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے ۔ یوں پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.1 اوورز میں 117 بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 118رنز کا ہدف دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، ایڈم زمپا اور سپینسر جانسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔118رنز کا ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ اور جیک فریزرمیک گرک نے اننگز کا آغازکیا لیکن میتھیوشارٹ 2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے،ان کو شاہین شاہ آفریدی نے عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 30 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب جیک فریزرمیک گرک 18 رنز بناکر جہاندادخان کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ان کے بعد جوش انگس اور مارکس سٹوئنس نے تیسری وکٹ پر 55 قیمتی رنز جوڑے ، تاہم جوش انگلس 27 رنز بناکر عباس آفریدی کی گیند پر حارث رئوف کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔مارکس سٹوئنس ناقابل شکست 61 اور ٹم ڈیوڈ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو نہ صرف 7وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ تین میچوں میچ کی سیریز میں اپنا مشن کلین سویپ بھی مکمل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی ،جہانداد خان اور عباس آفریدی نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ مارکس سٹوئنس کو میچ میں ناقابل شکست 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاجبکہ آسٹریلیا کے ہی سپینسر جانسن کو عمدہ بائولنگ پر میچ آف دی سیریز قرار دیا گیا۔