اسلام آباد (این این آئی)اردو کے عظیم شاعر فیض احمد فیض کی40ویں برسی(کل) 20نومبر کو منائی جائے گی برسی کے سلسلے میں فیصل آبادسمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں تعزیتی ریفرنسز،سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی ادبی شخصیات اور مقررین اس انقلابی شاعر کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے اپنے الفاظ کو محبت کے موتیوں میں پرو دینے والے شاعرفیض احمد فیض 13فروری1911ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے وہ علامہ اقبال اور مرزا غالب کے بعد اردو ادب کے عظیم شاعر تھے۔فیض احمد فیض کی شاعری میںنقش فریادی،دست سبا،نسخہ ہائے وفا،زنداں نامہ،دست تہہ سنگ،سر وادی سینا،میرے دل میرے مسافر اور دیگر قابل ذکر ہیں ان مجموعہ جات کے انگلش،فارسی،روسی، جرمن اور دیگر زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں۔فیض احمد فیض ایشیاء کے وہ پہلے شاعرتھے جنہیں روس کی جانب سے لینن امن ایوارڈ سے نوازا گیا ان کی وفات سے قبل انہیں نوبل پرائز کیلئے بھی منتخب کیا گیا تھا علاوہ ازیں انہیں بیش بہا ملکی و غیر ملکی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ فیض احمد فیض20نومبر 1984ء کو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے