واشنگٹن (این این آئی)اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہونے کی توقع ہے، اور اس حوالے سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، لبنانی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ امریکی اور فرانسیسی صدور 36 گھنٹوں میں جنگ بندی کا اعلان کر سکتے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات درست سمت میں جاری ہیں اور دونوں فریقین معاہدے کے قریب ہیں۔ فرانسیسی صدر کے دفتر کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور یہ جلد نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، اور اسرائیلی کابینہ اس بارے میں آج مزید بحث کرے گی۔تاہم، اس دوران جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں آج ہونے والے حملوں میں 12 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ کی پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں پر بھی اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔دوسری جانب، غزہ میں موسم سرما کی بارش کے بعد سردی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، اور پانچ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔رفح میں اسرائیلی فوجی گاڑی پر حماس کے راکٹ حملے میں کئی اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔حزب اللہ کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم جنگ بندی معاہدے کی توقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔