شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی ملاقات ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

0
20

قاہرہ(این این آئی)پاکستان او ر بنگلہ دیش نے دو طرفہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت اور بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین ڈی۔8 سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا گیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کی یہ ملاقات پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین موجودہ خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی حقیقی عکاس ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت، عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے بالخصوص کیمیکلز، سیمنٹ کلینکر، آلات جراحی ، لیدر مصنوعات اور آئی ٹی سیکٹر جیسے شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سفر کی سہولت کے لئے حالیہ اقدامات پر بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا جس میں پاکستان سے آنے والے سامان کے 100فیصد فزیکل معائنہ کی شرط کو ختم کرنا اور ڈھاکہ ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی جانچ پڑتال کے لئے قائم خصوصی سکیورٹی ڈیسک کو ختم کرنا شامل ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی ویزا کے درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے پر بھی بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت اور بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسیع اور گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند ترقیاتی مقاصد کے حصول کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا جس میں فنکار، کھلاڑی، ماہرین تعلیم اور طلبا شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور پاکستانی فنکاروں کے ڈھاکہ میں کنسرٹ کے انعقاد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ڈی۔8 سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔