کرم کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، قیام امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

0
52

پشاور(این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرم کے معاملے پر کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت حساس معاملہ ہے، صوبے میں امن کی آبیاری کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، چیئرمین قومی وطن پارٹی کی رہائشگاہ پہنچے، آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر داخلہ نے آفتاب احمد خان شیر پاؤ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا خصوصا کرم میں پائیدار امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آفتاب احمدخان شیر پاؤ بزرگ سیاستدان ہیں، خیبرپختونخوا میں آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی سیاسی خدمات کا ہر کوئی معترف ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کے پی کے خصوصا کرم میں قیام امن کے لیے اہم فیصلے کئے گئے، خیبرپختونخوا میں امن کی آبیاری کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کرم کے معاملے پر کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت حساس معاملہ ہے۔ قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر شیر پاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔