کشمیری عوام کسی صورت اپنی کاز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، امیر مقام

0
26

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کسی صورت میں بھی اپنی کاز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، 5 اگست کے ظالمانہ بھارتی اقدام سے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، جیلیں کشمیری رہنمائوں سے بھری ہوئی ہیں اور بہت سے کشمیری رہنما ا?زادی کے خواب لئے جیل میں ہی زندگی کی بازی ہا ر گئے، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کشمیر کا 7 دہائیوں سے پاکستان کے ساتھ محبت کا رشتہ کسی سے پوشیدہ نہیں، کشمیری حق خودارادیت کیلئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیر ایک جنت نظیر وادی ہے، پاکستان اور کشمیر ایک ہیں اور ہمیشہ ایک ہی رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں اسلام آباد ماڈل کالج فارگرلز ایف ایٹ میں وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت کے زیر اہتمام دو روزہ ” کشمیر جنت نظیر”کے موضوع پر منعقدہ تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور شانگلہ کی کشمیر سے مماثلت ہے، جہاں پر برف سے ڈھکے خوبصورت پہاڑ اور ندیاں قدرت کے حسن کو دوبالا کرتے ہیں۔ انہوں نے وزارت کشمیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کے منتظمین نے پروگرم میں کشمیر کی خوبصورتی کو اجاگر کیا ہے، شاید زیادہ تر افراد کشمیر کے کلچر اور حسن سے آگاہ نہ ہوں تاہم اس تقریب میں عام آدمی کو کشمیر کی ثقافت اور خوبصورتی کے بارے میں بھرپور آگاہی فراہم کی ہے جبکہ تقریب میں لوگوں کی بھرپور شرکت بھی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیریوں نے کیا کیا قربانی نہیں دی ، کشمیری پاکستان کے قیام سے قبل ہی پاکستانی تھے اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ پیار اور محبت کا رشتہ قائم کیا جو آج تک قائم ودائم ہے، سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں تاہم انہوں نے پاکستان سے رشتہ قائم رکھا ہوا ہے جس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جدوجہد میں کیا کچھ نہیں کھویا، 96 ہزار شہادتیں ہوئی ہیں ، لاکھوں گھر مسمار کر دیئے گئے ہیں اور جیلوں میں معصوم کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے، آج بھی جیلیں بھری ہیں اور متعدد شہادتیں بھی جیلوں میں ہوئی ہیں تاہم کشمیریوں کے دل میں آج بھی پاکستان سے رشتہ کا جذبہ جوان ہے اور یہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔