سیلابی صورتحال وفاق اور صوبائی حکومت کا مشترکہ چیلنج ہے، مل کر نمٹیں گے، وزیراعظم

0
247

ڈیرہ غازی خان (این این آئی)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال وفاق اور صوبائی حکومت کا مشترکہ چیلنج ہے، ان شا اللہ ہم مل کر اس سے نمٹیں گے، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں جب تک آخری گھر آباد نہیں ہوجاتا چین سے نہیں بیٹھوں گا۔کوٹ چٹھہ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کے پاس ایسے وقت میں حاضر ہوا ہوں جب اس علاقے میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بہت تباہی مچا دی ہے اور جانی و مالی نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ عجیب اتفاق ہے کہ آج 5 اگست ہے، سال 2019 میں اسی روز بھارت میں مودی سرکار نے یک طرفہ غیرقانونی اقدامات کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ظلم و زیادتی کا بازار گرام کیا اور کشمیریوں کو حاصل تھوڑے بہت آئینی حقوق کو بھی پامال کردیا۔شہباز شریف نے کہا کہ اس روز مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بے پناہ خلاف ورزیاں کی گئیں اور 70 سال سے اس وادی میں کشمیریوں کے بہتے ہوئے خون میں مزید اضافہ کردیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اور پورا عالم اسلام کشمیر کے عظیم سپوتوں، شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور مودی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ کشمیری بھائیوں کو بھارتی غلامی سے نجات دلائے اور ان کی قربانیوں کے صدقے انہیں صحیح معنوں میں آزادی نصیب ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور 22 کروڑ عوام اس مقصد کے لیے ہر طرح کے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی تعاون کا یقینی دلاتے ہیں، ان شا اللہ ایک دن ضرور کشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں آج آپ کے پاس سیلاب کے سبب اللہ کو پیارے ہوجانے والوں کا افسوس کرنے آیا ہوں اور جو زخمی ہوئے ہیں انکی جلد سے جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کو یہ یقین دلانے آیا ہوں کہ اس آفت کی گھڑی میں وفاقی حکومت، تمام اتحادی جماعتیں اور پنجاب حکومت آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے آپ کو یہ یاد دلانے کی ضرورت نہیں کہ 11ـ2010 کے سیلاب میں جب یہ سارا علاقہ سمندر بنا ہوا تھا اس وقت نواز شریف کی قیادت میں، میں آپ کا خادم دن رات آپ کے پاس موجود رہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج پھر میں آپ کے خادم کے طور پر آپ کے سامنے کھڑا ہوں اور آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم سب مل کر اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کام کریں گے، یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے، سیاست بعد میں ہوگی پہلے خدمت ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی سیلاب کے سبب اپنے پیاروں کو کھو دینے والوں کو فی کس 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دے رہی ہے