مظفرآباد(این این آئی)لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے آج ہندوستان کے 05 اگست 2019کے اقدام جس میں ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی تھی کے خلاف یوم استحصالِ کشمیر منایا ۔ اس سلسلہ میں مقبوضہ کشمیر،پاکستان اورآزادکشمیر بھر میں احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔ دارالحکومت مظفرآباد میں سب سے بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وزیراعظم آزادجموںوکشمیر سردار تنویر الیاس خان اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کی ۔ احتجاجی ریلی میں ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی، وزراء حکومت ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز حکومت ، سربراہان محکمہ جات ، حریت رہنماوں،وکلاء ، تاجروں ، سول سوسائٹی ، سیاسی ودینی جماعتوں سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ احتجاجی ریلی اولڈ سیکرٹریٹ سینٹرل پریس کلب سے شروع ہو کر علمدار چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی سے قبل سائرن بجائے گے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ احتجاجی ریلی سے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان ، سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد ، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ ، پیپلز پارٹی کے رہنماء شوکت جاوید میر ، عزیر احمد غزالی و دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم نے کشمیر یوں کے ساتھ یکجہتی اورہندوستان کے خلاف احتجاجی قراردادپڑھی جسے متفقہ طور پر شرکاء نے منظور کر لیا