تین سال سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، شیری رحمان

0
232

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تین سال سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہاکہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر تمام کشمیری بھائی بہنوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی داستان 75 سال پرانی ہے لیکن 5 اگست 2019 سے مودی حکومت نے مقبوضہ کمشیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور محاصرے کی نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی سازش کو کشمیریوں نے تین سال گزرنے بعد بھی تسلیم نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ آج دنیا بھر میں لوگ یوم استحصال کشمیر منا کر عالمی ممالک کو بیدار ہونا کا پیغام دے رہے ہیں، تین سال سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، عالمی دنیا کو نہیں بھولنا چاہئے کہ خطے اور عالمی دنیا کا امن مسئلہ کشمیر سے منسلک ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ کشمیر کی آئینی حیثیت کشمیریوں کی مرضی کے خلاف تبدیل نہیں ہو سکتی، آج پاکستان کا ہر شہری مقبوضہ کشمیر میں تین سال سے جاری محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔