لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے اگر بلوائیوں کو ریلیف ملے گا تو ملک میں باربار 9 مئی جیسا سانحہ ہو گا۔انہو ں نے کہا کہ ایک طرف آپ معافی نامہ دیتے ہیں دوسری طرف یہ باہر نکل کر غلط زبان استعمال کررہے ہیں، ان کا وہی جذبہ ہے، یہ 9مئی دوبارہ دہرانے کیلئے تیار ہیں، ان کو تو معافی نہیں ملنی چاہیے۔کے پی کے وزیراعلی ہائوس میں فسادیوں کے اعزاز میں تقریب ہوتی ہے، ان فسادیوں کو وہاں ہلہ شیری اور شاباش دی جاتی ہے، ان کو کہا جاتا ہے ویری گڈ بڑا کارنامہ سرانجام دیکر آئے ہو۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ جو گڑگڑا کر معافیاں مانگ کر باہر آئے ہیں ان کو دوبارہ ملک میں آگ لگانے کا کہا جارہا ہے، ان کے تاثرات ملک میں دوبارہ آگ لگانے کیلئے نظر آرہے ہیں، ایسے لوگوں کو معافی نہیں ملنی چاہیے، آنے والے دنوں میں کسی کا ریلیف بنتا تھا تولگتا ہے ان کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔