لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ کا دورہ کیا ۔ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کے افسران اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔
خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران سے ماسٹر پلان پر بریفنگ لی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی انشاء اللہ مفت علاج ہوگا۔ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ سال میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
915 بستروں پر مشتمل یہ کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگاـ خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈڑ انکالوجی،آپریشن تھیٹرز،10ـریڈایشن تھراپی بنکر،آئی سی یو اور 30 بیڈز کا ایمرجنسی وارڈ بنے گا۔ ویٹنگ ہال اور 24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کے قیام گاہ بھی تعمیر کی جائے گی۔ مرکزی عمارت میں بون میرو سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹرز کیلئے رہائش گاہیں اور مسجد پہلے مرحلے میں تعمیر ہو گی۔
وزیر صحت نے کہاکہ دوسرے مرحلے میں 300 بیڈز پر مشتمل نئی بلڈنگ اور پارکنگ پلازہ بھی بنے گاـ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی اور دیگر سہولتیں میسر ہونگیـ کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دے دیا گیا ہے۔عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، پیڈز اور ڈائیلسیز سینٹرز بنائیں گے۔ کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا ـ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں کے پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہوگاـ نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ کینسر کا علاج غریب اور متوسط کیا امیر آدمی کے بس کی بات بھی نہیں، جمع پونجی لٹ جاتی ہے ـ
٭٭٭٭٭