وفاقی کابینہ میں توسیع بلا جواز ہے،رضا ربانی

0
21

اسلام آباد (این این آئی)سابق چیئرمین سینیٹ و پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ آنے والے ہفتے میں وفاقی حکومت میں توسیع کی جائے گی، وفاقی کابینہ میں توسیع بلا جواز ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت رائٹ سائزنگ سے نچلے ملازمین بے روزگار ہوں گے، رائٹ سائزنگ قابلِ مذمت ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کا ایک مقصد نچلے درجے کی ملازمتوں میں نمایاں کمی لانا ہے، رائٹ سائزنگ کے نتیجے میں گریڈ 1 سے 6 کے ملازمین ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ صفائی، پلمبنگ اور باغبانی جیسی خدمات آؤٹ سورس کی جائیں گی، اس کا مطلب ہے کہ نچلے درجے کے ملازمین کو برطرف کر دیا جائے گا۔رضا ربانی نے کہا کہ قابلِ تشویش ہے کہ چند ہفتے قبل وفاقی حکومت نے گریڈ 20 اور اوپر والوں کی تنخواہیں بڑھائیں، کم درجے کے ملازمین کو برطرف کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مختلف ڈویڑنز اور وزارتیں ختم یا کم کی جائیں گی، 18ویں آئینی ترمیم کے تحت متعلقہ وزارتیں اور ادارے صوبوں کے سپرد کیے جائیں، ان اداروں کی وفاقی حکومت میں موجودگی ختم کی جائے۔