اسلام آبا د(این این آئی)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی رکن جسٹس مسرت ہلالی نے کہا ہے کہ سویلین کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل اے پی ایس جیسے مجرمان کے خلاف ٹرائل کیلئے تھا، کیا تمام سویلین کے ساتھ وہی برتاؤ کیا جاسکتا ہے جیسے آرمی پبلک اسکول سانحہ میں کیا گیا؟جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالتی فیصلے کی بنیاد آرٹیکل آٹھ، پانچ اور آٹھ، تین ہے جو مختلف ہیں، ان کو یکجا نہیں کیا جا سکتا۔جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے آپ کا نکتہ کل سمجھ آ چکا ہے، آگے بڑھیں اور بقیہ دلائل مکمل کریں، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آپ جسٹس منیب کے فیصلے سے پیراگراف پڑھ رہے تھے وہی سے شروع کریں، آرٹیکل 233 بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیے آئین کے مطابق بھی رولز معطل ہوتے ہیں ختم نہیں، آرٹیکل 5 کے مطابق بھی حقوق معطل نہیں ہو سکتے۔خوجہ حارث نے کہا کہ آرٹیکل 233 کے دو حصے ہیں، ایک آرمڈ فورسز کا اور دوسرا سویلینز کا، خواجہ حارث نے سویلین کا ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے والا فیصلہ پڑھا اور موقف اپنایا کہ ایف بی علی کیس میں طے پا چکا تھا کہ سویلین کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہو سکتا ہے، اکثریتی فیصلے میں آرٹیکل آٹھ تین اور آٹھ پانچ کی غلط تشریح کی گئی۔جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیے کہ دیکھتے ہیں، اس پر ہم آپ سے اتفاق کریں یا نہ کریں، خواجہ حارث نے کہا کہ غلط تشریح کی بنیاد پر کہہ دیا گیا ایف بی علی کیس الگ نوعیت کا تھا، ایف بی علی پر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹرائل چلایا گیا تھا جب وہ سویلین تھے، فیصلے میں کہا گیا جرم سرزد ہوتے وقت ریٹائر نہیں تھے، اس لئے ان کا کیس الگ ہے۔جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیے موجودہ کیس میں نو مئی والے ملزمان تو آرمڈ فورسز سے تعلق نہیں رکھتے، آج کل ایک اصطلاح ایکس سروس مین کی ہے، یہ ایکس سروس مین بھی نہیں تھے، چلیں ہم صرف شہری کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ آرمی ایکٹ میں سیویلنز کا ٹرائل کیا جا سکتا ہے یا نہیں یا کیا یہ صرف مخصوص شہریوں کے لیے تھا؟خواجہ حارث نے کہا عام تاثر اس سے مختلف ہے، جسٹس جمال نے ریمارکس دیئے عام تاثر کو چھوڑ دیں یہ بتائیں سویلینز کا ٹرائل ہو سکتا ہے یا نہیں؟جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے سویلین کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل اے پی ایس جیسے مجرمان کیخلاف ٹرائل کے لیے تھا، کیا تمام سویلین کیساتھ وہی برتاؤ کیا جاسکتا ہے جیسے آرمی پبلک اسکول سانحہ میں کیا گیا؟ کیا جب آرمی ایکٹ میں آتے ہیں تو کیا سارے بنیادی حقوق معطل ہو جاتے ہیں؟ پاکستان کا آئین معطل نہیں ہے۔خواجہ حارث نے کہا کہ بنیادی حقوق رہتے ہیں جس کے بارے میں عدالتی فیصلے موجود ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا اس میں بین الاقوامی پریکٹس کیا ہے؟ کیا آپ کے پاس اس کی کوئی مثال ہے؟ خواجہ حارث نے جواب دیا میرے پاس مثالیں موجود ہیں، آگے چل کر اس پر بھی بات کروں گا