ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم کو آرام دیا جائے’باسط علی

0
25

کراچی (این این آئی)بابر اعظم جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے انہیں آرام کے نام پر ڈراپ کرنے کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ اس کارکردگی کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انہیں آرام دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔اپنے یوٹیوب چینل پر باسط علی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بابر اعظم کو آرام دیا جائے۔سابق اسٹائلش بلے باز نے کہا کہ سیریز جیتنے کے بعد بھی ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکتے۔ اس لیے یہ بہترین وقت ہے کہ بابر اعظم کو وقفہ دیا جائے کیونکہ بیٹنگ میں مسلسل ناکامی سے ان کا اعتماد خراب ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر دوسرے ٹیسٹ میچ کی پچ پہلے میچ جیسی رہی تو دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی سے ان کیاعتماد کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے بابر اعظم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آرام دیا جائے تاہم پلیئنگ الیون کے ساتھ رکھا جائے،واضح رہے کہ بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صرف 8 اور 5 رنز بنائے تھے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔سابق قومی کپتان کو اس سے قبل گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں سے بھی ڈراپ کیا گیا تھا۔