سعودی عرب کی تاریخی سپورٹ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، شام

0
26

دمشق(این این آئی )شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے ایک بار پھر اپنے ملک پر عائد بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی سے گفتگومیں انھوں نے واضح کیا کہ نئی سیاسی انتظامیہ شام میں سرمایہ کاری کا دروازہ کھولنے کی حمایت کرتی ہے۔اسعد الشیبانی نے شام کے استحکام کے حوالے سے سعودی عرب کے تاریخی موقف کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اور سعودی عرب کے درمیان تمام امور پر وسیع بات چیت ہو رہی ہے۔ ہم مملکت کے ساتھ تزویراتی تعلق قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔الشیبانی نے باور کرایا کہ دمشق اس مشترکہ عرب منصوبے کا فعال جزو بننے کی کوشش کر رہا ہے جو خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دے۔ شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک عرب ممالک کے ساتھ تعاون کی خاطر تعلقات کا نیا صفحہ کھولے گا۔