نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی ہنگامی انخلاء کی مشق

0
22

گوادر(این این آئی)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی انخلا کی پہلی مشق منعقد کی گئی۔ترجمان کے مطابق ہنگامی انخلا کی مشق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج میں منعقد کی گئی۔ مشق کی قیادت چیف فائر اینڈ ریسکیو افسر نے کی۔انہوں نے ایمرجنسی طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ فراہم کی۔ مشق میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، ائیرلائن، اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسی کے نمائندوں نے حصہ لیا۔مشترکہ کوشش کا مقصد ایئرپورٹ کی ایمرجنسی ردعمل کی صلاحیتوں کو جانچنا اور ممکنہ بحرانی حالات کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے عملے کو تیار کرنا تھا۔ مشق میں حقیقی زندگی میں ایمرجنسی منظرنامے کی نقل کی گئی۔ شرکاء نے ایواکوئیشن پروٹوکول، مواصلاتی حکمت عملی اور مختلف ٹیموں کے درمیان ہم آہنگی کی مشق کی۔چیف فائر اینڈ ریسکیو افسر نے مشقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقیں مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے نہایت ضروری ہیں۔انہوںنے کہاکہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، یہ مشق اس بات کی غماز ہے کہ ہم تمام مسافروں کو محفوظ اور قابل اعتماد سفر کا تجربہ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ سیفٹی پروٹوکولز کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مزید باقاعدہ مشقوں اور تربیتی سیشنز کا انعقاد کرے گی۔