اگلے سال 300 اسکیمیں مکمل کریں گے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

0
24

کراچی (این این آئی)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگلے سال مزید 300 اسکیمیں مکمل کریں گے۔ کے ایم سی ہیڈ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جون 2023ء میں عہدہ سنبھالا تھا، ڈیڑھ سال بعد خود کو آپ کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ مالی اعتبار سے کے ایم سی میں ڈیڑھ سال میں بہتری آئی ہے، اختیارات کا نہیں نیت کا معاملہ تھا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2.14 ارب روپے اس وقت ہمارے اکاؤنٹ میں آ چکے ہیں جبکہ 300 فیصد آمدنی میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے اضافہ کیا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی آمدن میں 300 گنا اضافہ ہوا ہے، یہ وہی اختیارات اور وہی قانون ہے جس سے لینڈ ڈپارٹمنٹ کی ریکوری بہتر ہو رہی ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت سارے ٹاؤنز ہمیں تنگ کرتے ہیں، ٹاؤنز وہ کام نہیں کر رہے تو بلدیہ عظمیٰ کراچی یہ کام کروا رہی ہے لیکن پھر بھی ہماری ریکوری میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی751 اسکیموں پر کام کر رہی ہے اور 30 جون تک اگلے 5 ماہ میں 430 اسکیموں کو پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کچی آبادی میں پلازہ اور پیٹرول پمپ بن رہے ہیں، کے ایم سی کچی آبادی میں ڈیولپمنٹ کر رہی ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈبل ملازمین کی نشاندہی ہوئی جو ہم سے بھی تنخواہ لے رہے تھے، 2019ء میں ملازمین کو مستقل کیا گیا جس کا سلسلہ 2018ء میں شروع ہوا اور یہ وہ غلط فیصلے ہیں جن کی وجہ سے آج تکلیف کا سامنا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ ایسے ایسے ملازمین ملے جو 2018ء میں 18 سال کے ہی نہیں تھے، 10 سال کے بچے کو بھی ملازم بنا دیا گیا، اس سب سے 36 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی انسان دوست جماعت ہے کسی کا روزگار نہیں چھیننا چاہتی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام ریکارڈ جمع کر رہے ہیں تاکہ کونسل میں یہ معاملہ لے کر جائیں، کونسل کا ہی فیصلہ ہو گا کہ ان ملازمین کا کیا کرنا ہے، وسائل کی کمی کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔