شہباز گل کی بات شاید ٹھیک نہ ہو مگر قانونی راستہ موجود ہے، اسد عمر

0
183

اسلام آباد /لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ شہباز گل نے جو بات کی ہو وہ ٹھیک نہ ہو تاہم واضح قانون موجود ہے، آپ عدالت کے سامنے جا کر مقدمہ بنائیں اور وہاں ان سے سوال کریں کہ آپ نے ایسا کیوں کہا؟،بندوق کی بٹ مار مار کر شیشے توڑ کر گاڑی سے نکال کر حراست میں لینا اور پرائیوٹ گاڑی میں لے جانا واضح کرتا ہے کہ یہ حکومت خود کو اندر سے کھوکھلا محسوس کررہی ہے، طاقت کے استعمال سے ان کی آخری پھڑپھڑاہٹ نظر آرہی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے حوالے سے ہم عدالت میں پٹیشن جمع کروا رہے ہیں جو اب تک جمع کروا دی جا چکی ہے، اس پٹیشن کے نکات بتانے سے پہلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے بات کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ دونوں معاملات ایک دوسرت سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسے سمجھنے کیلئے ہمیں گزشہ 4 مہینے کے واقعات کا جائزہ لینا پڑیگا جب ایک بند کمرے میں بیٹھ کر منصوبہ بنایا گیا اور حرام کے پیسوں سے لوگوں کے ضمیر خریدے گئے، بیرونی مداخلت سامنے آئی جس کی تصدیق سلامتی کونسل کی کمیٹی نے بھی کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ان لوگوں کو لگا کہ جو کچھ یہ کرنا چاہ رہے تھے وہ انہوں نے یہ کرلیا تاہم مسئلہ یہ ہوا کہ عمران خان کی شکل میں اس بار ایک غیرت مند لیڈر اس سازش کے خلاف کھڑا ہوگیا اور اس کے ساتھ پاکستان کی پوری قوم بھی کھڑی ہوگئی۔اسد عمر نے کہا موجودہ صورتحال پیدا ہونے کی وجہ 17 جولائی کا دن ہے جب ضمنی انتخابات میں عوام نے اس مصنوعی امپورٹڈ نظام کو مسترد کردیا اور ان سے پنجاب کا اقتدار چھین لیا، اس کے بعد سے یہ کھلبلی مچی ہوئی ہے، یہ بوکھلاہٹ یکا شکار ہیں اور ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ کس طرح اس کو روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہوگئی ہے جو اب پاکستان کے پرانے روایتی سیاسی نظام کیلئے خطرہ بن گیا ہے