عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے،اعظم نذیر تارڑ

0
23

نیویارک (این این آئی)وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے،پاکستان ہر قسم کے امتیازی سلوک، دشمنی اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہے۔ وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 58ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ قانون نے پاکستان کی مضبوط قانون سازی اور پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دہائی میں 70 سے زائد انسانی حقوق سے متعلق قوانین منظور کیے گئے ہیں۔ حال ہی میں 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کو بنیادی حق تسلیم کرنا پاکستان کے انسانی حقوق کے فریم ورک میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے اہم ٹرسٹ فنڈز، بشمول تشدد کے متاثرین، یونیورسل پیریاڈک ریویو (UPR) پر عملدرآمد، اور چھوٹے جزیرے والے ترقی پذیر ممالک (SIDS) اور کم ترقی یافتہ ممالک (LDCs) کی کونسل میں شمولیت کے لیے پاکستان کی رضاکارانہ مالی معاونت کی بحالی کا بھی اعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا بین الاقوامی انسانی حقوق کے طریقہ کار سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔ وزیرِ قانون نے نشاندہی کی کہ پاکستان نے 2023 میں اپنا چوتھا یونیورسل پیریاڈک ریویو مکمل کیا جس میں 70 فیصد سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کا عزم کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان جلد ہی اپنا وسط مدتی UPR رپورٹ بھی پیش کرے گا، جو انسانی حقوق کے وعدوں پر عملدرآمد میں پاکستان کے متحرک کردار کی عکاسی کرتا ہے