تاشقند،وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب

0
28

تاشقند(این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں بدھ کو یہاں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جو ازبکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کانگریس سینٹر تاشقند آمد پر وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو ازبکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ارکان کا ازبکستان کے صدر سے تعارف کرایا، ازبکستان کے صدر نے بھی اپنی کابینہ کے وزرا کو وزیراعظم شہباز شریف سے متعارف کرایا۔