برطانیہ نے مرکزی بینک سمیت شام کے 24 اداروں پر سے پابندیاں اٹھا لیں

0
25

لندن(این این آئی)برطانوی حکومت نے 24 شامی اداروں پر عائد پابندیاں اٹھا لی ہیں۔ ان اداروں میں مرکزی بینک سمیت متعدد بینکوں کے علاوہ تیل کی متعدد کمپنیاں بھی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات برطانوی ٹریژری کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک دستاویز میں بتائی گئی ہے۔ جن تیل کی کمپنیوں پر سے پابندیاں اٹھائی گئیں ان میں جنرل حمص ریفائنری کمپنی اور بانیاس ریفائنری کمپنی ، الفرات کمپنی، دیر الزورکمپنی، ایبلاکمپنی، جنرل پیٹرولیم کمپنی، فیول کمپنی، سیرین آئل ٹرانسپورٹ کمپنی اور سیرین آئل کمپنی بھی شامل ہے۔صنعتی بینک اور شام کے کمرشل بینک سمیت 8 بینکوں کے علاوہ، شامی عرب ایئر لائنز پر سے پابندی ہٹا لی گئی ہے۔ یورپی یونین کے ممالک نے گزشتہ ماہ برسلز میں ہونے والے ایک توسیعی یورپی اجلاس کے دوران شام پر عائد پابندیوں کے ایک سیٹ کو معطل کرنے پر اتفاق کیا۔ ان میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات سے متعلق پابندیاں بھی شامل ہیں۔یورپی یونین نے ایک بیان میں شامی ایئر لائنز کمپنی کے علاوہ توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں کے ساتھ ساتھ 4 شامی بینکوں پر سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ شام کے مرکزی بینک پر پابندیوں میں بھی نرمی کی گئی اور انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے استثنی کو بڑھا دیا گیا ہے۔