دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب قابل مذمت ہے’ مریم نواز شریف

0
24

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے انسداد اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب قابل مذمت ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پیش کرکے پاکستان نے آواز اٹھائی ،اسلام دین رحمت ہے جو امن، محبت، برداشت اور انسانی عظمت کا درس دیتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کا رحجان پنپ رہا ہے،اسلاموفوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کی ہر کاوش کو سراہتے ہیں،اقوام متحدہ اور تمام عالمی اداے نفرت انگیز رویوں کے خلاف موثر اور یقینی اقدامات کریں، اقوام عالم کشمیر، فلسطین اور دیگر مسلمانوں کے جان، مال ،حقوق اور عزت و وقار کی تحفظ کو یقینی بنائے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے احترام کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں ہر مذہب اور مسلک کو مساوی حقوق اور عزت حاصل ہو،اسلامی فوبیا سے نمٹنے کیلئے دنیا کو اسلام کے حقیقی تشخص سے روشناس کرایا جائے ،ہر قسم کی منافرت کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے ، پائیدار عالمی امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔