3مئی پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن

0
26

لاہور( این این آئی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن منایاجا رہا ہے ۔ورلڈ پریس فریڈم ڈے کا آغاز 1993 میں ہوا، اس دن کی باقاعدہ منظوری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دی تھی، یہ دن منانے کا مقصد پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آوری کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اورزندگی کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔اس دن کی مناسبت سے پریس کلبوں اور مختلف صحافتی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز اور واکس کا اہتمام کیا گیا۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق 1992 سے 2025 تک 1402 سے زائد صحافی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، فرائض کی انجام دہی کی پاداش میں زنداں میں قید کئے جانے والے صحافیوں کی تعداد بھی کم نہیں۔علاوہ ازیںعالمی پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی تنزلی ہوگئی۔عالمی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز نے 180ممالک میں آزادی صحافت کی صورتحال پر نئی رپورٹ جاری کی ہے ۔عالمی پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 152سے 158 درجے پر آگیا، رپورٹ میں آزادی صحافت پر لگنے والی قدغنیں تنزلی کی اہم وجہ قرار دی گئی۔رپورٹ میں دنیا بھر میں صحافتی آزادی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ میڈیا پر بڑھتے معاشی دبا کو خطرناک مسئلہ قرار دیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ سمیت تقریباً ایک تہائی ممالک میں معاشی مشکلات کے باعث خبررساں ادارے بند ہو رہے ہیں، آمرانہ حکومتیں میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے اقتصادی دبا کا استعمال کر رہی ہیں۔انڈیکس میں بھارت میں میڈیا کی ملکیت چند سیاسی اشرافیہ کے ہاتھوں مرکوز ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، رپورٹ میں فلسطین کی صورتحال کو تباہ کن قراردیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تقریباً 200 صحافیوں کو شہید کیا۔