وزارتیں اہم اور اپنی تکمیل کے آخری مراحل کے منصوبوں پر توجہ دیں ، احسن اقبال

0
28

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزارتیں نہایت اہم اور اپنی تکمیل کے آخری مراحل کے منصوبوں پر توجہ دیں۔وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال کیلئے ایک ہزار ارب روپے پی ایس ڈی پی بجٹ کی حد کے تحت بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے ترقیاتی بجٹ میں کمی کے تناظر میں مؤثر ترجیحات اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی کیلئے ایک ہزار ارب روپے کی حد کے پیش نظرمنصوبہ بندی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ڈیمانڈ 3000 ارب اور وزارتِ منصوبہ بندی کی کم از کم مانگ 1600 ارب روپے ہے۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزارتیں موجودہ مالی سال میں جاری فنڈز کا مکمل استعمال یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئے منصوبوں کو ”اُڑان پاکستان“ کے مطابق اہمیت کی بنیاد پر ترجیح دی جائے، دیامر بھاشا ڈیم کی جلد از جلد تکمیل کو اپنی ترجیح بنائیں۔