احمدآباد(این این آئی)بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں سو سے زائد مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو بھی قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بھارت کے شہر احمد آباد سے ٹیک آف کے فورا بعد گر کر تباہ ہونے والے ایئر انڈیا کے مسافر بردار طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلی وجے روپانی بھی سوار تھے۔ اس طیارے میں 52 برطانوی شہریوں کے علاوہ ایک کینیڈین اور سات پرتگالی باشندے بھی سوار تھے۔طیارے کے 232 مسافروں میں 8 ڈاکٹر بھی شامل تھے۔ جہاں یہ طیارہ گرا وہاں چونکہ آبادی بہت زیادہ ہے اس لیے لوگ بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر جمع ہوئے۔ اِس کے نتیجے میں امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ انتظامیہ کو شہریوں سے اپیل کرنا پڑی کہ جائے حادثہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائی جاری رکھی جاسکے اور طبی امداد پہنچائی جاسکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن(برطانیہ)کے لیے روانہ ہوئی تھی، طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ایک ذریعے نے بتایا کہ جہاز میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور 1 کینیڈین شہری سوار تھے، مسافروں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں، امدادی اور بچا کی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق طیارے کی کمانڈ کیپٹن سمیت سبھروال کے پاس تھی، طیارہ کیپٹن سمیت سبھروال اور فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر کے ساتھ پرواز کر رہا تھا، کیپٹن سمیت سبھروال لیفٹ سیٹ ٹریننگ کیپٹن (ایل ٹی سی) ہیں، اور ان کے پاس 8 ہزار 200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے۔کوپائلٹ کے پاس ایک ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا، ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی)کے مطابق طیارہ احمد آباد کے رن وے سے روانہ ہوا تھا، اس نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایک مے ڈے کال دی، لیکن اس کے بعد اے ٹی سی کی طرف سے کی جانے والی کالز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ڈی جی سی اے کے ذرائع کے مطابق روانگی کے فورا بعد، طیارہ ہوائی اڈے کی حدود سے باہر زمین پر گر گیا، حادثے کی جگہ سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔پولیس حکام کا کہناتھا کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا ہے،مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔دوسری جانب گجرات اسٹیٹ پولیس کنٹرول روم نے اطلاع دی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI 171 لندن کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ۔ہوائی اڈے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے نتیجے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ اس وقت فعال نہیں ہے، تمام پروازوں کی آمد و رفت تا حکم ثانی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلی، وزیر داخلہ اور پولیس کمشنر سے اس حادثے کے بارے میں بات کی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ایکس پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-ANB ہے، یہ انتہائی جدید طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔دریںاثناء بھارت میں شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں پرواز کے حادثے کے بارے میں جان کر شدید صدمہ اور افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح الرٹ پر ہیں، میں خود صورت حال کی نگرانی کر رہا ہوں، تمام ہوا بازی اور ہنگامی ردعمل کی ایجنسیوں کو فوری اور مربوط کارروائی کی ہدایت دی ہے، ریسکیو ٹیموں کو پہنچادیا گیا ہے ا ور طبی امداد و ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں
مقبول خبریں
اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ، مسلح افواج اور پاسدران انقلاب کے سربراہان اور...
تہران /مقبوضہ بیت المقدس /غزہ (این این آئی)اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیبات، اعلیٰ فوجی قیادت اور جوہری سائنسدانوں پر حملہ کیا ہے جس کے...
صدر زرداری کی ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی فوجی...
سینیٹ میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی اور سینیٹ نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کہاہے کہ...
ایران کی جوابی کارروائی کی دھمکی، نیتن یاہو نامعلوم مقام پر روانہ
تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو ایران کی جانب سے فضائی حملوں پر جوابی کارروائی کی دھمکی ملنے کے بعد نامعلوم مقام...
ایرانی سپریم لیڈر نے قائم مقام چیف آف اسٹاف و کمانڈر انچیف کا انتخاب...
تہران (این این آئی )ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے قائم مقام چیف آف اسٹاف اور کمانڈر انچیف کا انتخاب کرلیا۔ایرانی...