ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہمیں اپنی کامیابوں اور خامیوں کا بھی احاطہ کرنے کی اشد ضرورت ہے،صدر مملکت

0
159

اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہمیں اپنی کامیابوں اور خامیوں کا بھی احاطہ کرنے کی اشد ضرورت ہے،اپنی 75 سالہ تاریخ میں ہم نے مختلف مشکلات پر کامیابی سے قابو پایا،ہم ایک ایٹمی قوت بن کر ابھرے اور دہشتگردی کے عفریت کو بھی شکست دی،کورونا وبا پر بھی کامیابی سے قابو پایا، بھارت کئی دہائیوں سے کشمیر میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے ،پاکستان اقوام ِمتحدہ کی قرادادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کی ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت عارف علوی نے آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ میں پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ دن ہمیں مادر وطن ”پاکستان”کے حصول کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں بانیانِ پاکستان کی لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،آج ہم نظریہ ِپاکستان کو برقرار رکھنے اور پاکستان کو ایک مثالی جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ رواں سال ہم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے،ان تقریبات کا مقصد عوام بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں میں قومی یکجہتی ، نظریہ ِپاکستان اور تحریکِ آزادی کے بارے میں شعوراجاگر کرنا ہے،اس تاریخی موقع کو منانے کے حوالے سے تمام اداروں کی کاوشیں لائق ِ تحسین ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈائمنڈ جوبلی کے اس موقع پر ہمیں اپنی کامیابوں اور خامیوں کا بھی احاطہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپنی 75 سالہ تاریخ میں ہم نے مختلف مشکلات پر کامیابی سے قابو پایا،ہم نہ صرف ایک ایٹمی قوت بن کر ابھرے ، بلکہ دہشت گردی کے عفریت کو بھی شکست دی۔ حالیہ ماضی میں ہم نے کورونا وبا پر بھی کامیابی سے قابو پایا۔ اس تاریخی موقع پر ، ہم افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ میں پاکستان کے محنت کشوں ، مزدوروں ، خواتین ، کاروباری برادری ، اقلیتوں اور اْن تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا،اگرچہ آج کے پاکستان کو معاشی اور سیاسی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے مگر میرا قوی یقین ہے کہ یہ قوم اپنی اولوالعزمی ، پختہ ارادے، حب الوطنی ، شبانہ روز محنت ، اتحاد، تنظیم ، باہمی ہم آہنگی اور یکجہتی سے ان مشکلات سے بھی سرخرو ہوکر نکلے گے۔