اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کیلئے مر مٹنے کو تیار ہیں،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے جوڑا، موٹر وے دی اور ہر دبائو کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،اقلیتوں کے پاکستان کی آزادی اور ملکی ترقی میں کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قومی پرچم کو پینٹنگ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم 75 سالہ ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کیلئے استعمال ہوا ہے تاہم چاروں صوبوں کی پولیس کے دستوں نے یہاں مارچ پاسٹ پیش کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان، پارلیمان، عدلیہ، وزیراعظم ہائوس، صدر ہائوس کے ساتھ ڈی چوک پر پاکستان کا نوجوان پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزارت داخلہ، آئی جی پولیس اسلام آباد اور چاروں صوبوں نے اپنے پولیس کے جوانوں کو یہاں مارچ پاسٹ کے لئے بھیجا جو ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چاروں صوبوں کی پولیس کے دستے شاہراہ دستور پر پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھے ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ سکولوں کے بچوں نے قومی پرچم تیار کرنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کیلئے مر مٹنے کو تیار ہیں، یہی جذبہ 1947ء میں تھا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان اپنی آزادی، آزادی دلوانے والوں اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور پولیس دن رات ہماری حفاظت پر مامور ہیں،جب بھی ملک میں جمہوری دور ہوا اس کے ثمرات پاکستان کے عوام کو ملے۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت اس ملک کا مستقبل ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے جوڑا، موٹر وے دی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کا شروع کیا گیا ایٹمی پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ہر دبائو کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوںنے کہاکہ ایٹمی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب کے صوبے کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا۔ انہوںنے کہاکہ 2013ء سے 2018ء تک مسلم لیگ (ن) کے دور میں نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ملکی ترقی کو 6 فیصد تک پہنچایا