فوج میں بغاوت پر اکسانے کا بیان شہبازگل کا ذاتی نہیں پارٹی کا ہے، ترجمان پی ڈی ایم

0
263

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک الائنس، حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ فوج میں بغاوت پر اکسانے کا بیان شہبازگل کا ذاتی نہیں پارٹی کا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللّٰہ کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل میں کہاگیاکہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پوری پارٹی شہبازگل کے ساتھ ہے، جو کام بھارت، مودی کا تھا وہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی کر رہی ہیں۔حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم فضل الرحمٰن کی قیادت میں آپ کو جہاد کے نام پر فساد کی اجازت نہیں دے گی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز گل پر پہلے بھی تشدد کیا گیا اب حکومت ان پر دوبارہ تشدد کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل اوورسیز پاکستانی ہیں، وہ کمزور ہیں اس لیے پکڑے گئے، آپ صرف تشدد کرنے کے لیے شہباز گِل کا ریمانڈ چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہاکہ پوری پارٹی شہباز گِل کے ساتھ ہے، یہ معاملہ جلد حل ہونا چاہیے، تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔