امریکی حکام کا پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانی نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

0
182

واشنگٹن (این این آئی)چیئرمین امریکی ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی ، کانگریس مین گریگوری ڈبلیو می کس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانی نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ جاری بیان کے مطابق پاک اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق رائے ہے ۔چیئرمین ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ملک میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔گریگوری میکس نے غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور اسکے منفی اثرات پر قابو پانے کے لیے روابط بڑھانے اور مزید تعاون کرنے پر زور دیا۔کانگریس مین گریگوری میکس نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر چیئرمین میکس کا شکریہ ادا کیا۔مسعود خان نے سیلاب زدگان کے لیے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے امریکی مالی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن نے پاکستان میں قدرتی آفات کے خلاف اقدامات اٹھانے اور ان سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر مالی امداد کے علاوہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری مددکے لیے ایک ڈالر کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔سفیر پاکستان مسعود خان اور چیئرمین میکس نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تبادلوں، سیکیورٹی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سفیر پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس مین گریگوری میکس نے 15 اگست 2021 کے بعد افغانستان سے امریکی شہریوں کو محفوظ انخلاء میں مدد فراہم کرنے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔کانگریس مین گریگوری میکس سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے ٹویٹ کیا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ یاد رہے کہ چیئرمین میکس کا پاکستان کے ساتھ گہرا تعلق ہے اور وہ امریکی کانگریس میں مختلف حیثیت سے پاکستانی قیادت کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں وہ 2020 سے ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی کے عہدے پر فائز ہیں