حریت رہنماء سید علی گیلانی کی برسی، محمد نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسین فواد کا شاعرانہ خراج عقیدت

0
315

اسلام آباد (این این آئی) سابق وزرائے اعظم میاں محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے حریت رہنماء سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی برسی اس بات کی شہادت ہے کہ کچھ لوگ اپے بے داغ کردار اور بے مثِل جدوجہد سے وہ مقام پا لیتے ہیں جس پر طبعی زندگی کا خاتمہ بھی کوئی اثر نہیں ڈالتا۔ تحریکِ آزادی کشمیر کی تیز تو ہوتی ہوئی لو ان کی روحانی زندگی کی دلیل ہے ۔ ان کی برسی کے موقع پر فواد حسن فواد نے انہیں شاعرانہ انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
سو تم یہ سوچتے ہو کہ
اگر تم میرے اس فانی بدن کو
میرے لوگوں، میرے بچوں کو
آنکھوں سے پرے جا کر
کہیں پر دفن کردو گے
تو وادی میں سلگتی آگ
اور آنکھوں میں لو دیتے چراغوں کو
بجھانے میں تمہیں آسانیاں ہوں گی
تو تم یہ سوچتے ہو کہ
شجاعت، حریت اور جراتوں کی داستانیں
جواں جذبے ، جواں سوچیں
ہر اک دل میں چھپی اک جستجو آزاد ہونے کی
مری مرہون منت ہے
مری آنکھوں کے بند ہونے سے یہ سب
خواب ماضی کی طرح متروک ٹھہرے گا
تمہارے پنجہ خونیں میں جکڑی یہ حسیں وادی
یہ جھیلیں، بستیاں، کوہسار، جھرنے
سبھی محصور ٹھہریں گے
تمہارا سوچنا اپنی جگہ ہے
کہ ظالم اور جابر حکمران
ایسا ہمیشہ سوچتے ہیں
مگر تاریخ انسانی کی بوسیدہ کتابیں
تمہارے جیسے لاکھوں حکمرانوں کے
مقابر پر سجی وہ تختیاں کچھ اور کہتی ہیں
دلوں پر حکمرانی جبروظلمت سے نہیں ہوتی
دلوں میں جب کبھی اک جوت آزادی کی
بکل مار لیتی ہے
تو فوجیں اور سنگینیں کسی بھی طور
پھر ان کو مسخر کر نہیں کرسکتیں
بہاریں اک نہ اک دن آکے رہتی ہیں
کہ فصل گل کی خوشبو
اونچی باڑوں سے نہیں رکتی
ہوائیں سب قبیلوں، بند دروازوں کا
زندانوں کا جادو توڑ دیتی ہیں
دہائیوں اور صدیوں پر محیط عہد غلامی بھی
بہت پیچھے کہیں یہ چھوڑ دیتی ہیں
تمہیں حق ہے کہ تم جو چاہو سوچو
مگر یہ یاد رکھنا
مرا گمنام مرقد ہی
نئی تحریک آزادی کو لو دے گا
یہی تحریک ہوگی جو تمہیں مجبور کردے گی
یہ جھیلیں، یہ شجر کوہسار، جھرنے ، وادیاں ساری
تمہارے جبروظلمت کی حدود سے
دور کردے گی۔
٭٭٭٭٭