عمران خان فوج میں تقرری کے طریقہ کار کو متنازع بنا رہے ہیں،وزیر دفاع نے سابق وزیر اعظم کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیدیا

0
242

اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف فوج میں تقرری کے طریقہ کار کو متنازع بنا رہے ہیں،جب ادارہ اور اس کی قیادت نیوٹرل ہے، حلف کی پاسداری کر رہے ہیں تو ہمیں عزت و احترام کرنا چاہیے،عمران خان نے اپنی حکمرانی کے دور میں کی گئی بہت سی تقرریوں کو سیاست کا موضوع بنا لیا ہے ،سیاستدانوں کو سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں نمٹانی چاہئیں،بھارت شروع سے ہماری معیشت اور دفاع پر حملہ کرتا رہا ہے، عمران خان ملک میں افرا تفری چاہتے ہیں،آنے والے وقت میں عمران خان کے خلاف لمبی قانونی کارروائیاں ہونے والی ہیں، عمران خان کے ساتھ کچھ ناجائز نہیں کریں گے، بدترین سیاسی مخالفین کے خلاف بھی آئین و قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے کو عوامی بحث کا حصہ نہ بنائیں یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے، وزیراعظم یقینا حکومت سے مشاورت کے بعد آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کریں گے، آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر بنیادی طور پر افواج پاکستان یا آرمی چیف کا مشورہ اولین ترجیح ہو گی۔پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جب سے پاکستان آزاد ہوا ،ہمارے ازلی دشمن بھارت کے ہمارے وطن میں دو اہداف رہے ، ایک معیشت اور دفاع ۔ پچھلے چند ماہ میں عمران خان ان دونوں اہداف پر حملہ کر رہے ہیں ، عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور میں معیشت کو بہت نقصان پہچایا ، آئی ایم ایف کی رپورٹ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اکتوبر 2021 میں عمران خان نے فوج کی تقرری کو سیاسی بنا دیا ، ایک سلسلہ چلا اس کے بعد ایک مرحلے پر جب ان کے ساتھی تحریک انصاف چھوڑنے کے لئے عدم اعتماد کی تحریک کا حصہ بنے تو اس تحریک عدم اعتماد کے بعد عمران خان نے مسلح افواج اور اداروں پر حملے شروع کر دیئے کبھی فوج کو نیوٹرل کہا تو کبھی کیا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے پاس اقتدار ہے تو ہر چیز ٹھیک ہے لیکن جب ایک آئینی طریقے سے اقتدار چھینا گیا تو پھر ہر چیز، ادارے اور ادارے کے خلاف بات کرتے ہیں ، جب انھیں سرپرستی ہو تو سب درست۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار ماہ میں عمران خان کی تقاریر اور سیاست کا محور و مرکز ملکی دفاع اور معیشت کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کہا گیا کہ حکومت مرضی کا آرمی چیف لگا کر اپنی چوری چھپانا چاہتی ہے ، بقول عمران خان کے تھری سٹار ایسے جرنلز ہیں جو چوری کو شیلٹر فراہم کریں گے ،یہ سینئر موسٹ جرنیل پی ٹی ایم کو تحفظ فراہم کریں گے ،حلف ،وابستگی اور کمٹمنٹ کے مطابق پاک فوج کا کام ملک ، قوم اور سرحدوں کو تحفظ دینا ہے ،کسی سیاستدان کو تحفظ دینا حلف میں شامل ہے نہ ایسی کوئی کمٹنٹ ہے ،اگر کوئی ایسا کریگا تو یہ حلف سے انحراف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے جرنیل ، قیادت اور ادارے کے بارے میں کسی کو اس طرح کی باتیں نہیں کرنیں چاہیں ، عمران خان کی باتیں ریکارڈ پر ہیں کہ فوج نیوٹرل نہیں ہوسکتے۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس ہو یا خیرات کے لئے لیا گیا پیسہ اپنے لئے استعمال کرنا ، ہیرے ،انگھوٹیاں وصولی ،اراضی نام کرانے کی اجازت ہو ،اس میں عمران خان اور اس کیاہلخانہ شریک ہیں ،اصل تحفظ تو عمران خان کو اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت کے بارے میں ایسی باتیں کہنا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کی قربانیوں کو ضیاع کرنے کے مترادف ہیں