پاکستان نژاد امریکی و برطانوی شوبز شخصیات سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحرک

0
190

کیلیفورنیا،لندن(این این آئی) امریکی و برطانوی شوبز اور فنون لطیفہ سے وابستہ پاکستان نڑاد شخصیات نے بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فنڈز جمع کرنا شروع کردیے۔پاکستان نڑاد لکھاری قاسم راشد نے آن لائن فنڈز جمع کرنے کا پروگرام شروع کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ جب پیرس میں ایک کیتھڈرل کے لیے ایک ارب ڈالر جمع کیے جا سکتے ہیں تو بے گھر ہونے والے 5 کروڑ پاکستانیوں کے لیے بھی ہم فنڈ جمع کر سکتے ہیں۔قاسم راشد نے دنیا بھر کے لوگوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ سیلاب نے کروڑوں لوگوں کو بے گھر کردیا۔پاکستان نژاد ہالی وڈ اداکار کمیل ننجیانی نے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کا پروگرام شروع کردیا۔انہوں نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ ان کے فنڈ میں زیادہ سے زیادہ پیسے جمع کروائیں تاکہ لاکھوں لوگوں کی زندگی بحال ہوسکے۔پاکستان نںاد برطانوی ہالی وڈ اداکارہ جمیلہ جمیل نے بھی پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور انسانی المیے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لوگوں کو مدد کی اپیل کی۔انہوں نے پاکستانی سیلاب کی عالمی میڈیا میں کوریج نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا اور لکھا کہ ایک تہائی پاکستان ڈوب چکا ہے اور 5 کروڑ لوگ پہلے مرحلے میں بے گھر ہو چکے ہیں اور تاحال لوگوں کے بے گھر ہونے کا سلسلہ جاری ہے مگر عالمی میڈیا میں اس کی خبر تک نہیں۔جمیلہ جمیل نے مداحوں کو یہ اپیل بھی کی کہ وہ ان کی ٹوئٹ میں ان تنظیموں اور اداروں کے لنکس شیئر کریں جو سیلاب متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں تاکہ دنیا بھر کے لوگ ان تنظیموں کی مدد کر سکیں۔