گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات ، سیلاب سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

0
412

لاہور( این این آئی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے برٹش ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میںسیلاب کی صورتحال، ماحولیات، دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی ۔برٹش ہائی کمشنر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا ۔ گورنر پنجاب نے برٹش ہائی کمشنر کا سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام اداروں اور صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔وزیراعظم پاکستان سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خطیر رقم بھی مختص کی ہے ۔گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے یو کے کی طرف سے خطیر رقم کے اعلان پر شکریہ اداکرتے ہوئے برطانیہ کی ڈویلپننگ کنٹریز ٹریڈ سکیم میں پاکستان کی برآمدات کے لیے مراعات کے اعلان کابھی خیر مقدم کیا ۔ انہوںنے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد شروع کیا جائے گا۔برٹش ہائی کمشنر نے پنجاب کی جامعات میں ماحولیات پر کنسورشیم بنانے کے اقدام کو سراہا۔کرسچین ٹرنر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے یو کے سمیت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے،ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں پہ کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔