حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والے جاگیں اور حقیقی آزادی کے نظارے کریں،فیاض الحسن چوہان

0
377

لاہور( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا حقیقی ترقی کا سفر جاری ہے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیر اعلی پرویز الٰہی اہم اقدامات کر رہے ہیں،پنجاب حکومت نابینا ، گونگے ، بہرے اور دیگر معذور افراد کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے معذوری میں مبتلا ملازمین کیلئے کنوینس الائونس میں اضافہ کر دیا،معذور ملازمین کی پوسٹوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،پرویز الٰہی نے معذور افراد کا کنوینس الائونس 2 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار کر دیا،664معذور ڈیلی ویجز ملازمین کی مدت ملازمت میں 3 ماہ توسیع کی بھی منظوری دی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت معذور ڈیلی ویجز ملازمین کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کریگی،ریسکیو 1122 کے عملے کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر رسک الائونس دینے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے،سیلاب زدگان کو پکا گھر تعمیر کرنے کیلئے پنجاب حکومت 4 لاکھ روپے دیگی،سیلاب متاثرین کو کچا گھر تعمیر کرنے کیلئے 75 ہزار روپے دیئے جائیں گے،پرویز الٰہی حکومت پنجاب بھر میں اربوں روپے مالیت کی ماحول دوست بسیں چلائی گی،حقیقی ترقی کا سفر کسی صورت رکنے والا نہیں ،حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والے جاگیں اور حقیقی آزادی کے نظارے کریں۔