پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کیس ‘خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت 23ستمبر تک ملتوی

0
333

لاہور (ا ین این آئی) احتساب عدالت نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت 23ستمبر تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت میںپیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ، جس میں خواجہ سعد اور خواجہ سلمان رفیق نے حاضری مکمل کروائی۔ملزمان کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ اشتہاری ملزمان ندیم ضیا پیزادہ اور فرحان علی شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔ نیب نیا ریفرنس دائر کرنا چاہتا ہے یا نہیں جب کہ شامل تفتیش ہونے ہونے والے ملزمان نے بیان حلفی دیا ہے۔ملزمان کے بیان حلفی کے مطابق متاثرین کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ متاثرین سے ویری فکیشن کے لیے مہلت فراہم کی جائے، جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا بیشتر حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ۔سب ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس موقع پر نوٹنکی لگانا زیب دیتا ہے۔ ایک لیڈر مسلسل حکومت پر حملے کررہا ہے تاکہ حکومت کو کام نہ کرنے دیا جائے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کروانے کی شرمناک حرکت کی ۔ سندھ میں ریلوے لائنوں کو بحال کرنا ہے ۔ سندھ میں جارہا ہوں ۔ سب سے اپیل کرتا ہوں اپنے وسائل سے متاثرین بھائیوں کی مدد کریں۔