ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑے امدای پیکج کا اعلان

0
234

اسلام آباد (این این آئی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کیلئے فوری طور بڑے امدادی پیکج پر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ یہ پیکج متاثرین، معاشی صورتحال اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فوری اور پائیدار بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وہ مختصر اور درمیانی مدت کیلئے سڑکوں اور آبپاشی کے انفرااسٹرکچر سمیت تباہ شدہ بنیادی انفرااسٹرکچر کی مرمت کیلئے جاری منصوبوں کا استعمال کرے گا اور غذائی تحفظ بڑھانے کیلئے زرعی شعبے کی ترقی اور مالی استحکام میں مدد فراہم کرے گا، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے کاؤنٹر سائکلیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ ہم ایسے طویل مدتی منصوبوں کو ترجیح دیں گے جو سیلاب کے بعد تعمیر نو میں معاونت فراہم کریں گے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے انفرااسٹرکچر کو مضبوط کریں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ ‘حتمی طور پر طے ہونے کے بعد ہم اپنے نئے امدادی پیکج کی مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم حکومت اور دیگر عالمی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد متاثرین کی زندگیوں اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو میں مدد ملے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ چکے ہیں جہاں وہ پاکستان میں ماحولیاتی تباہی کے اثرات پر روشنی ڈالیں گے۔انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پاکستان کی کہانی دنیا کو سنانے چند گھنٹے قبل نیویارک پہنچا ہوں، یہ کہانی سیلاب کی وجہ سے ہونے والے ایک بڑے انسانی المیے سے پیدا ہونے والے گہرے دکھ اور درد پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب اور دو طرفہ ملاقاتوں میں ان مسائل کے حوالے سے پاکستان کا مقدمہ پیش کروں گا جن پر دنیا کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔