سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، عبدالاحد پرہ، ڈاکٹر قیوم اور ڈاکٹر مصعب سمیت حریت رہنمائوںنے سرینگر میں اپنے بیانات میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان،غلام احمد گلزار، مشتاق الاسلام، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام اور فاروق احمد ڈار کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے جیلوں میں کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں کے لیے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیل حکام ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکام نہ صرف جیلوں میں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں بلکہ انہیں عدالتوں میں پیش نہ کر کے ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام ان کے سیاسی موقف اور جذبہ آزادی کو کمزورکرنے کے لیے ایسے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔حریت رہنماں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر عالمی امن کے لیے خطرہ ہے