حکومت ترجیحی بنیادوں پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو مکمل کر رہی ہے،وزیراعظم

0
184

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو مکمل کر رہی ہے،ہم ملک و قوم کے پیسے کی حفاظت کیلئے عوام کو جوابدہ ہیں،حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے،ترقیاتی منصوبوں خاص کر عوامی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف سے چائنہ روڈ ایک برج کارپوریشن کے وفد نے وائس پریزیڈنٹ Ye Chengyin کی صدارت میں ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کو مختلف جاری و مکمل شدہ میگا پراجیکٹس پر تفسیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قراقرم ہائی وے ٹو کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن کو مکمل کرلیا گیا جس پر ٹریفک روان دواں ہے ،اسکے فیز ٹو تھاہ کوٹ تا رائے کوٹ پر بھی کام شروع ہے۔اجلاس کو کراچی کوسٹل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، راشاکئی اسپیشل اکنامک زون، کراچی حیدرآباد موٹروے M9, بابوسر ٹنل، MLـ1 اور کراچی پورٹ ٹرسٹ تا PIPRI ریلوے کاریڈور کے منصوبوں پر بھی پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سی آر بی سی وزیرِ اعظم کے سی پیک کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں اور معینہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کے اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے،اسکے علاوہ سی آر بی سی نے 10 ہزار میگاواٹ کے سولرآئیزیشن کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وائس پریزیڈنٹ سی آر بی سی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو سیلاب زدگان کی مدد کے طور پر وزیرِ اعظم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 1 لاکھ ڈالر کا چیک بھی پیش کیا۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو جلد مکمل کرکے ان پر کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی وزیر سمندری امور سید فیصل سبزواری وڈیق لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیر اعظم نے کہاکہ گزشتہ چار سال میں سی پیک منصوبوں کو دانستہ طور پر تعطل کا شکار کیا گیا،قوم ملکی ترقی کے دشمنوں کو پہچان گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم ملک و قوم کے پیسے کی حفاظت کیلئے عوام کو جوابدہ ہیں،حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے،ترقیاتی منصوبوں خاص کر عوامی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں جن کے برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،چین نے پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران چین کے تعاون پر مجھ سمیت پوری قوم صدر عزت مآب شی جنپنگ اور چینی عوام کے مشکور ہیں۔وزیر اعظم شہباز نے سی پیک کے تحت منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں