پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے طویل المدتی وابستگی اور وسیع وسائل کی ضرورت ہے، پاکستانی سفیر

0
158

واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر سر دار مسعود خان نے کہاہے کہ پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے طویل المدتی وابستگی اور وسیع وسائل کی ضرورت ہے،پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی بڑی تباہی کے بعد تعمیر نو کے لئے برسوں کا عرصہ درکار ہے،بحالی اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری، ترقیاتی شراکت داروں اور دنیا بھر میں مخیر تنظیموں کی طویل المدت وابستگی کی ضرورت ہے۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں مقیم مسلم انسانی تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد جو پاکستان کے سیلاب متاثرین کی ا مداد کے لیے کمیونٹی کو متحرک کرنے میں سرگرم عمل ہیں ، سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں اسلامک ریلیف یو ایس اے، زکوٰةفاؤنڈیشن، الخدمت فاؤنڈیشن، ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ اور دیگر ادارے شامل تھے۔سفیر پاکستان نے پاکستان میں امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں انتھک کوششوں اور فراخدلی سے تعاون کرنے پر امریکہ میں مقیم مسلم انسانی تنظیموں کے فعال کردار کی تعریف کی۔حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ نکاسی آب، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، کمبل، بستر اور گرم کپڑے بے گھر ہونے والی آبادی کی مشکلات کو دور کرنے میں مدد گار ہوںگے۔سفیر پاکستان نے اقوام متحدہ امریکی حکومت، امریکی کانگریس ، سینیٹ کے اراکین ، عالمی سطح پر شہرت یافتہ شخصیات اور انٹرنیشنل میڈیا کا سیلاب متاثرین سے اظہار یک جہتی کرنیاور عالمی سطح پر ان کی مشکلات کواجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔زکوٰة فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حلال دیمیر نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 3.5 ملین مسلمان پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔حلال دیمیر نے کہا کہ سیلاب زدگان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے امریکن مسلم ہیومینٹیرین فورم کو متحرک کر دیا گیا ہے،اسلامک ریلیف یو ایس اے کے صدر انور خان نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی تنظیم نے سیلاب متاثرین کیلئے 5.5 ملین ڈالر جمع کیے ہیں جبکہ اسلامک ریلیف متاثرہ آبادی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ تینوں ملکوں سے پندرہ ملین ڈالر اکٹھا کریگا۔آغوش الخدمت یو ایس اے کے چیئرمین شکور عالم نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 21 فلٹریشن پلانٹس فراہم کیے ہیں تاکہ بے گھر ہونے والی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔الخدمت فاؤنڈیشن کسانوں کو بیج، کیڑے مار ادویات کی فراہمی اور دیگر بحالی کے منصوبوں جن میں کم لاگت کے ہاؤسنگ پروجیکٹ شامل ہیں پر کام کر رہی ہے۔ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے کے پبلک افیئرز اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے ڈائریکٹر آصف خان نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ ان کی تنظیم سیلاب متاثرین کے لیے 8.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کر رہی ہے ، امدادی سامان لے جانے والے 50 کنٹینرز بھی بک کیے جا چکے ہیں،آصف خان نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ پاکستان کے 85 اضلاع میں کام کر رہا ہے اور متاثرہ آبادی کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ آصف خان نے سیلاب متاثرین کے لیے 15 ملین ڈالر نقد اور 15 ملین ڈالر کی امداد کا بھی وعدہ کیا۔مسلم ریسپانس کے صدر اور سی ای او عارف محمود نے کہا کہ ان کی تنظیم راجن پور اور ملحقہ علاقوں میں بے گھر آبادی کو حفظان صحت کا سامان، خوراک اور صاف پانی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے منصوبوں میں صوبہ سندھ میں جاری منصوبوں کو وسعت دینا اور خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ امریکی تنظیمیں اور فلاحی ادارے بھی امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر تعاون کر رہے ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد کی کوششوں اور فراخدلانہ تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا