اسلام آباد (این این آئی)لسبیلہ اور گوادر سے قومی اسمبلی کے رکن محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ مسلح افوا ج نے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مثالی کر دارادا کیا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے دکھ درد کم کر نے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے اور کئی مرتبہ بلوچستان کے متاثر ہ علاقوں کا دورہ کیا ، چین پاکستان کا قریبی دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے کھڑا ہوتا ہے لیکن میرے حلقے میں ایک چینی کمپنی کام کررہی ہے جس کے حکام کی نا اہلی اور اکڑ پن کی وجہ سے نہ صرف مقامی لوگوں میں تحفظات پائے جارہے ہیں بلکہ ماحولیات کا بھی ایک بڑا ایشو جنم لے رہا ہے اور اس معاملے پر میں نے اعلیٰ عسکری حکام کو بھی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے یقین دلایا ہے کہ حکومت اسلم بھوتانی اور ان کے حلقے کے عوام کے تحفظات دور کر نے کیلئے اقدامات کرے گی اور جلد متعلقہ کمپنی کے ساتھ ان کی ملاقات کرائی جائیگی ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی ہے اور بلوچستان میں بھی ناقابل تلافی نقصان ہواہے ۔ انہوںنے کہاکہ میرا حلقہ لسبیلہ گوادر بھی متاثر ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوںنے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ،خالد مگسی کے حلقے میں دو مرتبہ گئے ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بھی دورہ کرایا ، میرے حلقے میں دو مرتبہ دورے کا پیغام بنا لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے وہ نہیں جا سکے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے مشکل وقت میں عوام کے دکھ درد میں شرکت کر کے بہت اچھا تاثر قائم کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مختلف این جی اوز اور کمپنیوں نے متاثرین کی مدد کی اور بالخصوص افواج پاکستان جس میں نیوی بھی شامل ہے ، پاک فضائیہ اور بحریہ ، کوسٹ گارڈ سمیت سب نے مدد کی جس پر ہم کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز سمیت دیگر متاثرین کی بحالی کے کاموں کے دور ان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوئے ، ہم اس پر افسوس کرتے ہیں اور غمزدہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان کا بہت قریبی دوست ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے اچھے برے وقت میں کام آتا ہے لیکن چائینیز کمپنیاں استحصال کررہی ہیں ، چین سے ہمیں کوئی شکوہ نہیں ہے لیکن یہ کمپنیاں اور ان کے حکام زیادتیاں کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ان کمپنیوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے خاص کر کے لسبیلہ میں کول پلانٹ پر کام کرنے والی کمپنی نے ماحولیاتی آلودگی پیدا کر دی ہے ، انہوںنے تباہی مچائی ہوئی ہے ، سمندر کو تباہ کررہے ہیں ، پانی سمندر سے لیکر استعمال کرتے ہیں اور گرم پانی سمندر میں دوبارہ جاتا ہے جس سے ہمارے ماہی گیر شدید مشکلات کاشکار ہیں ، ماہی گیروں کا روز گار تباہ ہورہاہے ان کو کوئی متبادل نہیں دیا جارہا ہے ، سیلاب میں کوئی ہماری مدد نہیں کی گئی اور ان کو صرف اس بات کا ناز ہے کہ ان کے ساتھ چائنا لگا ہے اور ہم کسی کو جوابدہ نہیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ افواج پاکستان ان کی سکیورٹی فراہم کرتی ہے جو ایک معاہدے کے تحت ہے ، میں نے تمام عسکری قیادت سے بھی اس معاملے پر بات کی ہے ، ان کو ویڈیوز اور تصاویر بھجوائی ہیں ،کوئلہ کے ذخائر دیکھیںجو گڈانی میں جمع کئے گئے ہیں ،ہماری سڑکیں توڑ دی ہیں ، حبکو چائنیز کمپنی کا اسٹیشن منیجر طارق اتنا مغرور ہے کہ وہ بات ہی نہیں کرتا ادھر کوئی جانہیں سکتا ، یہ افسوس ناک صورتحال ہے اس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہاکہ اسلم بھوتانی ہمارے بڑ ے بھائی ہیں ان کے حلقے میں بجلی پیدا کر نے والے کارخانے ہیں ، ان کی وجہ سے ماحولیاتی نقصان ہورہاہے ،کچھ مقامی ایشوز ہیں ، وہ انہوںنے ایوان کے سامنے رکھے ہیں میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ چند روز میں بجلی بنانے والے کارخانوں کے حکام کو بلاکر ان کی اسلم بھوتانی سے میٹنگ کرائی جائیگی ، ان کے تمام تحفظات کو پوری مستعدی اور توجہ کے ساتھ دور کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی اور مقامی لوگوں کے روز گار کے مسائل حل کرینگے ، ان کمپنیوں کی جو مقامی طورپر ذمہ داریاں ہیں ان کو پورا کر نے میں مقامی ایم این اے کی پھرپور مدد کریں گے ۔